پڈوچیری ، 25؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) پڈوچیری کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر وی. نارائن سامی نے بدھ کے روز مرکز کے ماتحت اس علاقہ میں صدر راج نافذ کرنے کی خبر پر ناراضگی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’پڈوچیری میں صدر راج نافذ کرنا جمہوریت کا قتل ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مرکزی کابینہ نے بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر کی سفارش پر پڈوچیری اسمبلی کو تحلیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر نارائن سامی نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے نامزد اراکین اسمبلی کا استعمال پڈوچیری کی منتخب حکومت کو گرانے کے لیے کیا اور پڈوچیری کی عوام آئندہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو سبق سکھائے گی۔ نارائن سامی نے بی جے پی پر جمہوریت کے قتل کا الزام عائد کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جنوبی ہند میں کانگریس کی واحد حکومت گر گئی۔ نارائن سامی اور ان کے اراکین اسمبلی کے ذریعہ واک آؤٹ کے بعد اسپیکر وی پی شیوکوجھنڈو نے اعلان کیا تھا کہ حکومت اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکی ہے۔ اس کے بعد پیر کے روز وزیر اعلیٰ وی. نارائن سامی نے لیفٹیننٹ گورنر ٹی. سوندراجن کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔